لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت کے علاقہ لیاقت آباد سے دو مبینہ اغواء کاروں کو پکڑ لیا گیا ، مشتعل افراددونوں کی خوب درگت بنانے کے بعد خود تھانے چھوڑ کر آئے جبکہ مبینہ اغواء کاروں کے زیر استعمال گاڑی کو اینٹیں مار مار کر تباہ کر دیا ، اہل علاقہ نے تباہ حال گاڑی کو فیروز روڈ پر رکھ کر پولیس کیخلاف بھی شدید احتجاج کیا ۔ بتایاگیا ہے کہ فیروز پور روڈ سے ملحقہ آبادی لیاقت آباد کے مکینوں نے گزشتہ روز کار سوار دو مبینہ اغواء کاروں کو پکڑ لیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔ اہل علاقہ کے مطابق کار سوار مبینہ طو رپر بچے کو اغواء کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ مبینہ اغواء کاروں سے بچوں کو بیہوش کرنے والا سیرپ بھی ملا ہے ۔ اطلاع کے باوجود پولیس موقع پر نہ پہنچی جس پر اہل علاقہ نے مبینہ اغواء کاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں خود تھانے چھوڑ کر آئے ۔ مشتعل مظاہرین اغواء کاروں کی کار کو فیروز روڈ پر لے آئے اوراینٹیں مار کر پوری گاڑی کو تباہ کر دیا ۔ مظاہرین نے گاڑی کو سڑک کے درمیان رکھ کر پولیس کے خلاف بھی شدید احتجاج کیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ پورے لاہور میں بچوں کے اغواء کی وارداتیں ہو رہی ہیں جبکہ پولیس سوئی ہوئی ہے ۔ اطلاع کے باوجودپولیس موقع پر نہیں پہنچی ۔بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری ، ٹریفک واردنز اور ڈولفن فورس کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور مشتعل مظاہرین کو انصاف کی یقین دلایا جس پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔