اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط نے پی ٹی وی کی نشریات میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کی کوریج نہ کرنے کے حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی پی ٹی وی کو وضاحت کے لئے اگلے اجلاس میں طلب کر لیا، شیخ رشید کو پی آئی اے کی فلائیٹ سے بغیر وجہ بتائے اتارنے کے معاملہ پر کمیٹی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری قومی اسمبلی سیکرٹری اور خارجہ امور کو امریکی سفارت خانے کے افسر کو اجلاس میں طلب کرنے کے حوالے سے قواعد کا جائزہ لینے کی ہدایت ۔منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط کا اجلاس چوہدری انوار کی صدارت میں ہوا، رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد کی جانب سے پی آئی اے کی پرواز پر سفر نہ کرنے کی اجازت دینے کے معاملہ پر پیش کی گئی تحریک استحقاق پر کمیٹی نے بغیر وجوہات کے پی آئی اے کی پرواز سے نیچے اتارنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔ کمیٹی نے سیکرٹری قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور خارجہ امور ڈویژن کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ اس معاملہ پر امریکہ کے سفارت خانہ سے متعلقہ آفیسر کو طلب کرنے کے حوالے سے قواعد وضوابط کو دیکھیں اور ہفتہ میں جواب دیں ۔ کمیٹی نے پی آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ ارکان پارلیمنٹ کی عزت واحترام کو یقینی بنانے کے لئے قواعد میں ترمیم کی جائے اور اس طرح کے واقعات مستقبل میں نہیں ہونے چاہیے۔ پی ٹی وی کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمی کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کی کوریج نہ کرنے کے حوالے سے سو موٹو ایکشن لیتے ہوئے کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی وی کو اگلے اجلاس میں وضات کے لئے طلب کر لیا ۔