اسلام آباد( این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگرین نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں ترکی میں بغاوت کو ناکام بنائے جانے کی صورتحال اور پاک ترک سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایاگیا ہے کہ پاکستان میں قائم پاک،ترک سکولوں کے مستقبل پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت اور پشتیبانی کے بغیر جمہوریت کا استحکام ممکن نہیں، ترک عوام کی جمہوریت سے وابستگی اور سیاسی قیادت پر اعتماد قابل تقلید ہے ،ترکی میں قیادت اور عوام کے مابین مستحکم تعلق کی عمدہ مثال دیکھنے کو ملی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت اسلامی دنیا کے حکمرانوں کیلئے ترکی ایک عمدہ نمونہ ہے۔ تحریک انصاف پر امید ہے کہ ترکی کے اندرونی حالات کے منفی اثرات پاکستان پر مرتب نہیں ہوں گے ۔