لاہور ( این این آئی)30اہلسنّت جماعتیں ’’ جسٹس فار حامد سعید کاظمی مہم ‘‘ چلائیں گی۔ اس سلسلہ میں ملک بھر سے چیف جسٹس آف پاکستان کو ہزاروں خطوط بھجواکر حامد سعید کاظمی کے ساتھ ہونیوالی عدالتی ناانصافی کی طرف توجہ دلائی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں ضلعی سطح پر حامد سعید کاظمی کی رہائی کیلئے مظاہرے اور علماء و مشائخ کنونشن منعقد کئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں اسلام آباد میں بڑا دھرنا دیا جائے گا۔ اہل سنت جماعتوں کے وفود قانونی ماہرین سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ اس بات کا فیصلہ انٹرنیشنل سنی سیکرٹریٹ میں منعقدہ حامد سعید کاظمی رہائی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کی صدارت سابق وفاقی وزیر اور نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ الحاج محمد حنیف طیب نے کی۔ اجلا س میں سنی اتحاد کونسل ، جماعت اہلسنّت، جے یو پی ، نظام مصطفی پارٹی، نیشنل مشائخ کونسل، انجمن طلباء اسلام، پاکستان فلاح پارٹی، انجمن نوجوانان اسلام ، تنظیم اتحاد امت، تنظیم السعید، مصطفائی تحریک، تنظیم المساجد پاکستان، سنی علماء بورڈ، جانثاران ختم نبوت، سنی فاؤنڈیشن اوردوسری اہلسنّت جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ حامد سعید کاظمی کے مقدمے میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ حامد سعید کاظمی عدالتی ناانصافی کا شکار ہیں۔ ان پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہو ئی لیکن اس کے باوجود انہیں سزا سناکر انصاف کا قتل کیا گیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حامد سعید کاظمی کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔حکومت نے حامد سعید کاظمی کو گرفتار کرواکر اہلسنّت دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے۔اجلاس سے میاں خالد حبیب الٰہی ایڈووکیٹ، مفتی محمد اقبال چشتی، الحاج شیخ امجد علی چشتی، محمد اکرم رضوی، امانت علی زیب، پیر سید شمس الدین بخاری، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، علامہ فاروق خان سعیدی نے بھی خطاب کیا۔