لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب ریونیو اتھارٹی نے طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر ڈی جے بٹ پر ایک کروڑ ننانوے لاکھ روپے ٹیکس عائد کر دیا۔پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سروسز پر عائد سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ڈی جے بٹ کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ ایڈیشنل کمشنر پی آر اے عائشہ رانجھا نے ڈی جے بٹ کو سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر چھ جون کو شوکاز نوٹس بھجوایا تھا۔پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ڈی جے بٹ کو بیس جون کو طلب کیا تاہم وہ حاضر نہیں ہوئے۔ پی آر اے ذرائع کے مطابق ڈی جے بٹ کے وکیل نے تین ہفتے کی مہلت مانگی تاہم وہ حاضر نہیں ہوئے۔پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ڈی جے بٹ کو آخری بار پچیس جولائی کو طلب کیا تھا۔ بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ڈی جے بٹ پر ایک کروڑ ننانوے لاکھ روپے سیلز ٹیکس اور جرمانہ عائد کر دیا ہے۔پی آر اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جے بٹ کو ایک کروڑ ننانوے لاکھ روپے کی ادائیگی کیلئے نوٹس بھی بھجوا دیا گیا ہے۔