کراچی (این این آئی) نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ 12 مئی 2007ء کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، میں نے 12 مئی کے حوالے سے کوئی اعترافی بیان نہیں دیا ہے اور نہ ہی 12 مئی کے حوالے سے نئے انکشافات کیے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کراچی سینٹرل جیل میں اپنے وکلاء سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔ ملاقات کے دوران وکلاء نے وسیم اختر کو بتایا کہ آپ کے متعلق منگل کی شام سے ٹی وی چینل پر سانحہ 12 مئی کے حوالے سے مسلسل خبریں چلائی جارہی ہیں جس پر وسیم اختر نے کہا کہ یہ ساری خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 12 مئی کے حوالے سے کوئی اعترافی بیان نہیں دیا ہے بلکہ میں نے پچھلے بیانات کا اعادہ کیا ہے کہ اس سانحہ میں اعلیٰ عدلیہ سے اوپن تحقیقات کروائیں جائیں۔ وسیم اختر نے کہا کہ میرا میڈیا ٹرائل کرواکر میری ساکھ کو خراب کرانے کی مسلسل سازش کی جارہی ہے۔ میڈیا پر میرے متعلق جھوٹی اور لغو خبروں کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور درخواست کرتا ہوں کہ میرے خلاف منفی خبروں کو چلانے سے پہلے تصدیق ضرور کرلیا کریں۔ انہوں نے اہل کراچی خصوصاً اہل پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈوں میں نہ آئیں۔