کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس کو لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر جان بلوچ کو 5 دیگر مقدمات میں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔بدھ کوانسداد دہشت گردی کی عدالت میں لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر جان بلوچ کے خلاف دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف 2012 میں لیاری کے 2 تھانوں میں اقدامِ قتل، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، دھماکے کرنے اور پولیس مقابلوں کے 5مقدمات درج ہیں جن کی تفتیش کی جانی ہے، اس لئے عدالت ملزم کو ان مقدمات میں گرفتار کرنے کی اجازت دے۔عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو ملزم کی گرفتاری کی اجازت دے دی۔قبل ازیں عدالت میں تھانہ چاکیواڑہ میں درج قتل اور اغوابرائے تاوان کے مقدمے کی سماعت جیل انتظامیہ کی جانب سے عزیرجان کو پیش نہ کرنے کے باعث عدالت نے سماعت5اگست تک ملتوی کردی ۔