حامد سعید کاظمی کی رہائی ،بڑے اقدام کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی) صدر جمعیت علماء پاکستان پنجاب علامہ سید وسیم الحسن شاہ نے کہاہے کہ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کو بغیر کسی گواہی اور ثبوت کے16سال قید کی سزا سنا ئی گئی ، عدلیہ کی تاریخ میں ایسے غیر آئینی اور متعصب فیصلے کی مثال نہیں ملتی، عالمی سازش کے تحت علماء کی کردار کشی کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان نسل اسلام سے متنفر ہو جائیں اس سلسلے میں تمام علماء کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے اگست میں ایک علماومشائخ کا نفرنس اسلام آباد میں منعقد کریں گے۔ وہ منگل کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حج کرپشن کیس میں 86گواہ عدالت میں پیش ہوئے اور تمام گواہان نے حامد سعید کاظمی کی بے گناہی کی گواہی دی یہاں تک کہ ڈی جی حج راؤ شکیل کے خاص آدمی احمد فیض نے بھی حامد کاظمی کے خلاف گواہی نہیں دی۔ سید وسیم الحسن فرید کا کہناتھا کہ وہ حامد سعید کاظمی کا کیس ہر فورم پر لڑیں گے۔ ڈی جی حج راؤ شکیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا تقرر وزیر اعظم نے کیا تھا نہ کہ حامد سعید کاظمی نے۔ صدر جمعیت علما ء پاکستان پنجاب نے کہا کہ حامد سعید کاظمی پہلے وفاقی وزیر تھے جنہوں نے سعودی عرب سے پاکستانی حاجیوں کو 45ہزار ریال واپس دلوائے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک عالمی سازش کے تحت علماء کی کردار کشی کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان نسل اسلام سے متنفر ہو جائیں اس سلسلے میں تمام علماء کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے اگست میں ایک علماومشائخ کا نفرنس اسلام آباد میں منعقد کریں گے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں