تین ریاستوں کے پاکستان سے الحاق کے وقت معاہدہ،بڑا مطالبہ کردیاگیا

پشاور (آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے مالاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے فوری خاتمے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مالاکنڈ ریجن تاریخی لحاظ سے ٹیکس فری زون رہاہے کیونکہ مالاکنڈ کی تینوں ریاستوں یعنی دیر،چترال اورسوات نے پاکستان سے الحاق کے وقت پاکستان کی حکومت سے جو معاہدے کئے تھے ان میں یہ اہم معاہدہ بھی شامل تھا کہ اس سے الحاق کے نتیجے میں آئندہ سو سال تک اس علاقے میں کوئی بھی ٹیکس نہیں لگا یاجائے گا لیکن وفاقی حکومت نے اس معاہدے کے برعکس دہشت گردی ،سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے شدید متاثرہ اس علاقے کے عوام کو پریشانی اوراضطراب میں مبتلا کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ایکٹ کے خلاف عوام کی تحریک میں بھر پورطریقے سے شریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ایکٹ کی ذمہ دار مرکزی حکومت ہے اورامیرمقام اس مرکزی حکومت کے نمائندے ہیں جنہیں چاہئے کہ اس ایکٹ کے خاتمے میں اپناکردار اداکریں کیونکہ انکاتعلق بھی مالاکنڈ ڈویژن سے ہے اوراگروہ ایسا نہیں کرسکتے توپھر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں جس طرح تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے وزیر اعلیٰ کواستعفے پیش کیے جس پر وزیر اعلیٰ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایک سمری وفاقی حکومت کوارسال کی ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مالاکنڈ کے مسلم لیگی عہدیداروں کو بھی اسی طرح کاقدم اٹھانا چاہئے ۔ کیونکہ یہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی ہوگی ۔ڈاکٹر امجد علی نے امیرمقام سے کہا کہ عوام کی آنکھوں میں دھول چھونکنے کی بجائے اس ایکٹ کے خاتمے کے لئے آگے بڑھیں اورضلعی حکومتوں میں شامل اتحادی سیاسی جماعتوں کو بھی اس مقصد کی خاطر مالاکنڈ کاساتھ دینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ضلعی حکومتوں میں حزب اختلاف میں ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ اور اسکے ساتھ دوسری جماعتیں اتحادی ہیں وہ اس ایکٹ کے خاتمے کے لئے احتجاج کے طورپر علیحدہ ہوجائیں ۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ وہ اوران کی پارٹی اس معاملہ میں عوام کی شان بشانہ کھڑے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں