اب پاکستانیوں کے سوئس بینکوں میں اکاؤنٹ راز نہیں رہیں گے،اعلان نے ہلچل مچادی

اسلام آباد( آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سوئس بینکوں میں چھپائی گئی دولت تک پہنچ گئے ہیں ، پاکستان اور سوئزر لینڈ کے درمیان اطلاعات کے تبادلے پر اتفاق ہو گیا ہے ، سوئس حکومت نے اپنی چارشرائط ختم کرکے معاملہ آسان کر دیا ہے، پاکستان کی معیشت اتنی مضبوط ہوگئی ہے کہ آئندہ آئی ایم ایف سے پیسوں کی قسط نہیں لی جائے گی ۔ وہ منگل کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سوئس بینکوں میں چھپائی گئی دولت تک پہنچ گئے ہیں ۔ پاکستان اور سو ئزر لینڈ کے درمیان اطلاعات کے تبادلے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سوئس حکومت نے 4 شرائط ختم کرکے ہمارا معاملہ آسان کردیا ہے ۔ اب سوئس بینکوں کے اکاؤنٹ راز نہیں رہیں گے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ امید ہے نئے وزیراعلیٰ سندھ رینجرز اختیارات کا معاملہ جلد از جلد حل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ الیکشن کمیشن کے لئے درجنوں ناموں پر بات ہوئی ۔ طارق کھوسہ کا نام اپوزیشن کی طرف سے لسٹ میں آیا مگر اوور ایج ہونے کی وجہ سے انہیں سلیکٹ نہیں کیا جا سکا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے ٹی او آرز ایک شخصیت سے مخصوص ہیں ۔ امید ہے پانامہ پیپرز کے ضابطہ کار کے لئے راستہ نکل آئے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اتنی مضبوط ہوگئی ہے کہ آئندہ آئی ایم ایف سے پیسوں کی قسط نہیں لی جائے گی ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں