کراچی(این این آئی)شہرقائد میں پاکستان رینجرزسندھ کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ رینجرز نے خفیہ اطلاعات پر شاہ فیصل اور ملیر میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے زیر استعمال اسلحے کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لیکر شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کے دوران اسلحہ کی کھیپ پکڑی گئی ہے۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک آر پی جی سیون،8 راکٹ لانچر بمعہ7 فیوز،3 ہیوی مشین گن ، 5 میگزین، ایک جی تھری رائفل، 8 ایس ایم جیز، 2 سیون ایم ایم رائفل، ہیوی مشین گن کی 1820 گولیاں، جی تھری کی 1105 گولیاں، ایس ایم جیز کی 1018 گولیاں، 17 کارتوس شامل ہیں جبکہ 2 واکی ٹاکی بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اسلحہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے زیر انتظام تھا جو شہر میں بد امنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔