لاہور/ملتان ( این این آئی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے لاہور اور ملتان میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 4دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ، دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد ، ڈیٹو نیٹرز ، منافرت پر مبنی لٹریچر سمیت دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔ذرائع نے سی ٹی ڈی کے حوالے سے بتایا کہ لاہور میں خان کالونی گلبرگ میں کارروائی کر کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیاجن کی شناخت عبداللہ اور یعقوب شاہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق بین الاقوامی کالعدم تنظیم سے ہے ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد لاہور میں حساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد ، ڈیٹو نیٹرز ، منافرت پر مبنی لٹریچر سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے جبکہ انہیں مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ملتان کے نصیر اللہ چوک ہیڈ محمد والا روڈ سے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 2مبینہ دہشتگرد بھی رفتار کر لیے جن کی شناخت جان محمد اور نعیم جان کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2ہینڈ گرینیڈ اور داعش سے متعلق لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جان محمد داعش سے بھی رابطے میں تھا ۔دونوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔