راولپنڈی/قاہرہ (این این آئی ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی برادری اور امت مسلمہ کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے دورہ مصر کے دوران مصر کی سپیشل فورسز کے تربیت اور مشقوں کا جائزہ لیا اور ان کی صلاحیتوں اور مہا رت کو سراہا۔ آرمی چیف نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مصری صدر نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان آرمی کی کامیابیوں اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ دہشتگردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی برادری اور امت مسلمہ کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی ۔ بعد ازاں آرمی چیف نے جامعہ الازہر میں شیخ الازہر احمد الطیب سے ملاقات کی جنہوں نے دہشتگردی کی خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔آرمی چیف نے مسلم نوجوانوں کو روشن خیالی، ٹیکنالوجی کی ترقی ، اعتدال پسندی اور ہم آہنگی کی جانب لانے کی ضرورت پر زور دیا۔