بیجنگ(آئی این پی)پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری منصوبہ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔چین کے نائب وزیراعظم یانگ گاؤ لی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ساتھ پیر کوملاقات میں راہداری منصوبہ کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کے عزم کا اظہار کیا ۔ ملاقات میں چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ۔ مشترکہ تعمیر وترقی کے مقاصد حاصل کرنے کے لئے چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو موثر طریقے سے مکمل کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چین کے بھی پاکستان کی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو فروغ دینے اور ذاتی تجربات کو منتقل کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ گورننس کے نظام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چین میں سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے 10ہزار ٹن چاول عطیہ کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا اقتصادی راہداری منصوبہ کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھانے کے لئے پاکستان چین کے ساتھ مزید تعاون کے لئے اقدامات اٹھائے گا۔