اسلام آباد (این این آئی )نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا) کے نیشنل کوارڈی نیٹر احسان غنی نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی واپسی کی تاریخ 15 نومبر ہے آخری تاریخ تک واپس نہ جانے والے افغان مہاجرین کو زبردستی ان کے وطن بھیجا جائے گا ۔ پیر کو نیشنل ایکشن پلان پر اب تک ہونیوالی پیشرفت سے متعلق پریس بریفنگ کے دوران احسان غنی نے بتایا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 17 لاکھ ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکتا تاہم اندازہ ہے کہ تقریباً 30 لاکھ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین پاکستان میں رہائش پذیر ہیں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2016 ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کیلئے حتمی تاریخ 15 نومبر مقرر کی گئی ہے مقررہ تاریخ سے قبل غیر رجسٹرڈ مہاجرین یا تو اپنا پاسپورٹ وغیرہ بنوا کر ویزا حاصل کر کے پاکستان میں رہیں گے یا انہیں واپس جانا ہو گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین 15 نومبر تک واپس نہیں جائیں گے انہیں زبردستی ان کے وطن واپس بھیجا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین افغان کیلئے پیکیج تیار کر لیا ہے جس کے تحت واپس جانے والے ہر افغان مہاجر کو 400 ڈالر دیئے جائیں گے جبکہ ایک خاندان میں زیادہ سے زیادہ 7 افراد شمار ہونگے اس معاملے کو وزارت خارجہ دیکھ رہی ہے ۔