کراچی(این این آئی)ذمہ داریوں سے سبکدوش کیئے جانے والے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ دبئی میں پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد پیرکی دوپہر واپس کراچی پہنچ گئے ہیں۔کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت جو فیصلہ کرے گی تسلیم کروں گا اور میرا دور حکومت سندھ میں کیسا رہا اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ دبئی اجلاس میں پارٹی نے اہم فیصلے کیئے ہیں ۔نیا وزیراعلی چننے کا اختیار میرے پاس نہیں ہے نہ میں کسی کا نام دے سکتا ہوں یہ فیصلہ پارٹی کے چیئرمین ہی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گورنر سندھ سے ملاقات کی جلدی نہیں اور میرا دور حکومت کیسا رہا اسکا فیصلہ عوام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنا استعفیٰ گورنر سندھ کو پیش کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری کی دبئی سے واپسی کے بعد پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہو گا۔جس میں نئے وزیراعلی کے نام کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد نئے نامزد وزیراعلی ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے اور اسی روز گورنر ہاؤ س میں عہدے کا حلف بھی اٹھائیں گے۔سید قائم علی شاہ کی وزارت کا دورانیہ آٹھ سال ایک ماہ اور پچیس دنوں پر محیط رہا۔