کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکے صدراورسابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں اتوار کی شب اجلاس دبئی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری ، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی ، فریال تالپور، سنیٹررحمان ملک، وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال، مرتضی وہاب اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو عسکری قیادت کے سامنے تحفظات رکھنے کی ہدایت کی اور طے کیا کہ رینجرز کو اختیارات صرف کراچی تک دیئے جائیں گئے، رینجرزصرف دہشت گردی ، اغوا برائے تاوان ، اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرسکے گی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ رینجرز کے قیام اور ختیارات کی توثیق سندھ اسمبلی سے کرائی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ رینجرز کراچی کے علاوہ کسی بھی شہر میں کاروائی سے قبل وزیر اعلی سندھ کو اعتماد میں لے گی۔اجلاس میں یہ بھی طے ہواکہ رینجرزکسی بھی رکن پارلیمنٹ اور سرکاری افسر کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی۔کسی رکن پارلیمنٹ یا سرکاری افسر کے خلاف کارروائی سے قبل وزیراعلی سندھ سے اجازت لے گی۔