کراچی (این این آئی)وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدرفریال تالپور، سندھ وزیرداخلہ سہیل انورسیال، سینئروزیرخزانہ سید مراد علی شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیربرائے قانون مرتضیٰ وہاب سابق صدر آصف علی زرداری اورپارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی صدرات میں ہونے والے دو روزہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کے لیے ہفتہ کو دبئی روانہ ہوگئے۔قبل ازیں کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ رینجرزاختیارات میں توسیع کا فیصلہ دبئی میں پارٹی قیادت کے مشاورت سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ دبئی جار ہے ہیں اور وہاں پارٹی قیادت کی طر ف سے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم اجلاس ہوگا، جس میں پارٹی قیادت سندھ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور ترقیاتی کاموں کے لئے نئے اہداف مقرر کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم ،صحت ، پانی اور نکاسی آب سمیت دیگر شعبوں میں اپنی حکومتی کارکردگی کے حوالے سے قیادت کو بریفنگ دیں گے۔ رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یقیناً دبئی اجلاس میں اس معاملے پر بھی بات چیت کی جائے گی اور میں پارٹی قیادت کو ڈھائی کروڑ آبادی کے اس شہر میں امن و امان قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاکردگی کے حوالے سے بھی بریفنگ دوں گا اوررینجرزکے قیام اور اختیارات میں توسیع کا معاملہ بھی حل ہو جائے گا۔