اسلام آباد (این این آئی )حکومت نے یکم اکتوبر سے ملک بھر میں موجودہ پیٹرول کی فروخت بند کر کے صرف عالمی معیار کا پیٹرول 92 رون فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت پیٹرولیم نے تمام ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم کی جانب سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ملک میں اس وقت فروخت کئے جانیوالے 87 رون پیٹرول کی فروخت روکنے سے متعلق سمری ارسال کر دی ہے ۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق ملک میں درآمد ہونیوالا 87 رون پیٹرول عالمی سطح پر کم ترین معیار کا پیٹرول ہے جس کی فروخت یکم اکتوبر سے بند کر کے صرف عالمی معیار کا پیٹرول 92 رون ہی ملک بھر میں فروخت ہو سکے گا ۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ معیار کے پیٹرول کی فروخت سے اسکی قیمت میں تقریباً2 روپے 60 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہو جائیگا ۔ وزارت پیٹرولیم کی جانب سے تمام آئل ریفائنریز اور مارکیٹنگ کمپنیز کو حکومتی فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔