اسلام آباد (این این آئی )پاکستان اور روس نے بالاخراہم ترین قدم اُٹھالیا،پاکستان اور روس نے دو طرفہ آپریشنل فوجی مشقوں کے انعقاد ، ایوی ایشن اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ روسی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان ایئر فورس کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا ہے ۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے دورہ روس کے دوران اپنے ہم منصب سے ملاقات کی ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے ماسکو میں روسی فضائیہ کی بیس اور ایوی ایشن انڈسٹری کا دورہ بھی کیا ، ایوی ایشن انڈسٹری ، جدید جیٹ طیاروں اور جدید سازوسامان کا جائزہ لیا ۔ پاکستانی ایئر چیف کو جدید ترین روسی طیارے بھی دکھائے گئے روسی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر انچیف سے ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان ایئر فورس کے کردار سے آگاہ کیا ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور زیر غور لائے گئے دونوں ممالک کی فضائیہ کے سربراہان نے دو طرفہ آپریشنل فوجی مشقوں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا جبکہ دونوں ممالک نے ایوی ایشن اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک روس آپریشن مشقیں وقت کی ضرورت ہیں دونوں ممالک تعاون سے اپنی آپریشنل صلاحیتیں بڑھا سکتے ہیں ۔ روسی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کا اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار قابل تحسین ہے ۔