اسلام آباد (این این آئی )دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افغان حکومت کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار ہیں،وزیراعظم محمد نواز شریف نے کابل میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم دہشتگردی کیخلاف غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افغان حکومت کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار ہیں انہوں نے کابل بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں اور وہ انسانیت کی قدر کرنا نہیں جانتے ۔ نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور دہشتگردی کیخلاف سب کو مشترکہ اور ٹھوس کوششیں کرنا ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت مشکلات کا سامنا کیا اور پاکستان دہشتگردی کیخلاف صف اول کے ملک کا کردار ادا کر رہاہے ۔ دہشتگردوں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا ۔