لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور میں بچوں کے اغواء کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد افغان بستیوں میں سرچ آپریشن کافیصلہ کرلیا گیا ، 27مقامات کی فہرست مرتب کر کے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ۔ حالیہ دنوں میں لاہور شہر کے مختلف مقامات سے بچوں کے اغواء کی 15وارداتیں ہو چکی ہیں اور اب تک کسی بھی بچے کو بازیاب کرایا جا سکا ہے اور نہ ہی کسی اغواء کار کو پکڑا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی طرف سے اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں اوراسی تناظر میں لاہور میں قائم افغان بستیوں میں سرچ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرتب کردہ فہرست کے مطابق نصیر آباد اور شفیق آباد سمیت 27ایسے مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں افغان باشندے رہائش پذیر ہیں ۔ اس کے ساتھ شہری کے خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی اور چیکنگ کانظام مزید سخت کر دیا گیا ہے۔