لاہور ( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہاہے کہ وزیر اعظم کے ذہن پر مکمل طور پر دھرنا سوار ہے اور کامیابی کے باوجود انکا لہجہ شکست خوردہ ذہن کی عکاسی کرتا رہا،مظفر آباد میں کشمیر کے مستقبل کی بات کرنے کی بجائے وزیر اعظم اپوزیشن کی تنقید پر گلے شکوے کرتے رہے۔ وزیر اعظم کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلی مرتبہ کشمیری انتخابات میں حصہ لیکر تبدیلی کی بنیاد ڈال دی ہیلیکن وزیر اعظم کے ذہن پر مکمل طور پر دھرنا سوار ہے،کامیابی کے باوجود وزیر اعظم کا لہجہ شکست خوردہ ذہن کی عکاسی کرتا رہا۔وزیر اعظم کی تقریر سے ثابت ہو چکا کہ پاکستان کی طرح کشمیر میں بھی نواز شریف کیلئے حقیقی خطرہ عمران خان اور انکی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بھارت میں اپنے کاروباری مفادات کی خاطر مسئلہ کشمیر کی بات کرنا بھی گوارا نہیں کرتے۔مظفر آباد میں کشمیر کے مستقبل کی بات کرنے کی بجائے وزیر اعظم اپوزیشن کی تنقید پر گلے شکوے کرتے رہے جبکہ بھارتی جارحیت کی مذمت کرنے کی بجائے ایک مرتبہ پھر کشمیری عوام کو بھی موٹروے کا لالی پاپ دیا۔ وزیر اعظم جان بوجھ کر کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے تذکرے سے گریز کرتے رہے ۔نواز شریف چاہتے ہیں کہ سڑکوں پر نہ نکلیں تو خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔