اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے دینا ہمارا قانون حق ہے اور اس پر بحث ہو سکتی ہے۔ایک انٹرویومیں انھوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر ابھی تک یہ نوبت نہیں آئی کہ ہم اسمبلیوں سے مستعفی ہوں تاہم پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ یہ پارٹی کا قانونی حق ہے اور ضرورت ہوئی تو اس آپشن کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں اس معاملے پر سپریم کورٹ جانے سمیت دیگر آپشنز بھی زیر بحث تھے، تاہم ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ پاناما لیکس کے ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی آو آرز) پر ایک خصوصی قانون بنایا جائے جس کے تحت یہ کمیشن قائم ہو جو اس پورے معاملے پر احتساب کرسکے۔انھوں نے کہا کہ جب تک ہمارا یہ مطالبہ قبول نہیں ہوتا اس وقت سپریم کورٹ جانا قبلِ از وقت ہوگا