کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ کے سینئروزیرخزانہ سید مراد علی شاہ کو نیا وزیراعلی سندھ بنائے جانے کا امکان ہے۔ پیپلز پارٹی کے دبئی اجلاس میں حتمی فیصلہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز اختیارات کے حوالے سے فیصلہ بھی صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کریں گے۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت میں اہم تبدیلیاں لانے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے دبئی اجلاس میں بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ کو جلد عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ رینجرز اختیارات میں توسیع کچھ پابندیوں سے مشروط کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے فیصلہ بھی نئے وزیراعلی سندھ کریں گے۔