کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس شکیل احمد بلوچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ استعفیٰ منظوری کے لئے صدر مملکت کو بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس شکیل احمد بلوچ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھجوایا، رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ نے جسٹس شکیل احمد بلوچستان کا استعفیٰ منظوری کے لئے صدر مملکت ممنون حسنی کو بھجوا دیا ہے۔ جسٹس شکیل احمد بلوچ کے مطابق عہدے سے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا ہے۔ جسٹس شکیل احمد شیخ یکم اگست 1954ء کو بلوچستان کے ضلع تربت کیج میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1976ء میں مسلم لاء کالج کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور 1984ء میں امریکا کی ہاورڈ یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔15نومبر1990ء کو بلوچستان ہائی کورٹ کے وکیل بنے اور2007میں سپریم کورٹ کی وکالت شروع کی۔ جسٹس شکیل احمد بلوچ30اگست2013ء میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج تعینات رہے جبکہ2ستمبر2015ء کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جج بنے۔ جسٹس شکیل احمد بلوچ بلوچستان کے ضلع مکران سے1997ء میں قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔