لاہور( این این آئی )ماضی میں دنیا کی دس بہترین ایرلائنز میں شامل رہنے والی پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز ایک بار پھر اپنے کھوئے مقام کو حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،14 اگست سے تاریخی روٹ لندن سے پریمیم سروس کا آغاز کیا جائے گا،آئندہ چھ ماہ میں دیگر یورپی شہروں اور چین کیلئے بھی سروس شروع کی جائے گی ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی مسافروں کو وہ تمام سہولیات اور آسائشیں حاصل ہوں گی جو دنیا کی صف اول کی ایرلائنز پیش کرتی ہیں۔پریمیم سروس میں نئے طیارے جبکہ بزنس کلاس میں 28 نشستیں ہوں گی، دوران سفر نشستیں بیڈ میں تبدیل ہو سکیں گی ۔ اکانومی کلاس میں بھی سیٹیں چوڑی اور پاؤں پھیلانے کی زیادہ گنجائش ہو گی۔خصوصی تربیت یافتہ فضائی میزبانوں کی بھرتی کی جائے گی جبکہ خوش ذائقہ کھانوں کا وسیع انتخاب ہوگا۔ تمام مسافروں کو ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تفریح حاصل ہوگی۔ ائیرپورٹس پر مسافروں کے لئے خاص عملہ اور ریڈ کارپٹ کاونٹر ہوں گے۔ اس کے علاوہ پریمیم سروس کے مسافروں کو اور بھی کئی دلکش سہولتیں حاصل ہوں گی۔پریمیم سروس ابتدا ء میں کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے لندن کے ہیتھرو ایرپورٹ کیلئے ہفتہ وار دس پروازیں چلائے گی۔ پی آئی اے آئندہ چھ ماہ میں دیگر یورپی شہروں اور چین کیلئے بھی پریمیم سروس شروع کرے گی۔پریمیم سروس کیلئے پی آئی اے نے سری لنکن ائیرلائن سے تین جدید ترین ائیربس اے 330طیارے حاصل کئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط کیلئے پی آئی اے کے سی او او سری لنکا میں موجود ہیں۔ صرف ایک سال استعمال ہوئے یہ طیارے آئندہ ماہ اگست ، اکتوبر اور اگلے سال فروری میں پی آئی اے کو ملیں گے۔