اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ میں رینجرز کی تعیناتی اور کرا چی میں رینجرز کو خصوصی اختیارات د ینے کے حوالے سے حکومت سندھ کی ٹال مٹول کے بعد از خود رینجرز کو اختیارات دینے کیلئے وزارت قانون اور اٹارنی جنرل سے مشاورت شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز کی تعیناتی اور کراچی میں خصوصی اختیارات کی مدت 19جولائی کو بیک وقت ختم ہوگی تھی۔ سندھ میں رینجرز کوپولیس کی معاونت کیلئے 20سال قبل تعینات کیاگیاتھا،اندرون سندھ رینجرز کی تعیناتی آرٹیکل 147کے تحت کی گئی تھی ،رینجرز کی تعیناتی میں توسیع سالانہ بنیادپرکی جاتی تھی ،دوسری جانب کراچی میں رینجرز کوخصوصی اختیارات 2013میں دئیے گئے تھے،کراچی میں رینجرز کوانسدادہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات دئیے گئے تھے۔ رینجرز کی تعیناتی اور کراچی میں خصوصی اختیارات کی توسیع پر سندھ حکومت کی ٹال مٹول کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے کراچی میں رینجرز کو اختیارات دینے کیلئے وزارت قانون اور اٹارنی جنرل سے مشاورت شروع کردی ہے۔اس حوالے سے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ صوبائی حکومت کی منظوری کے بغیر بھی سند ھ میں رینجرز کو اختیارات دے سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے آئندہ ایک دو روز میں ازخود رینجرز کی سندھ میں تعیناتی اور کراچی میں رینجرز کو خصوصی اختیارات میں توسیع کر دی جائے گی۔