اسلام آباد (این این آئی)پاک فوج کے دستے 21جولائی کو آزاد کشمیر میں الیکشن کے دوران پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات ہونگے ‘پاک فوج الیکشن کمیشن ‘انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے معاونت کریگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت اور الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے 21 جولائی کو آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے موقع پر آئین کے آرٹیکل 245کی سیکشن 4اور 5کے تحت پاک فوج کے دستے تعینات کرنے کے لئے ریکوزیشن بھجوائی تھی ۔منگل کو کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے چیف الیکشن کمشنر ‘حکومت آزاد کشمیر کے اعلی حکام بشمول چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ‘پاک فوج ‘آزاد کشمیر کی انتظامیہ اورپولیس کی آزاد کشمیر کے 41حلقوں بشمول 12مخصوص نشستوں کے لئے الیکشن کے موقع پر مکمل امن و امان کے قیام کے لئے مکمل معاونت کریگی ۔ پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات ہونگے علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوران امن و امان بحال رکھنے کے لیے پاک فوج کے دستے آزاد کشمیر پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں اپنے فرائض انجام دینے کے لیے پاک فوج کے جوان وادی پہنچ گئے ہیں۔الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے مطابق پاک فوج کے 23ہزار جوان انتخابات کے دوران سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ پولنگ اسٹیشن کے اندر بھی ایک فوجی جوان تعینات ہوگا۔