لاہور( این این آئی)بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کے ناموں کا اعلان کر دیا ،لڑکے لڑکیوں پر بازی لے گئے اور بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی سمیت تینوں پوزیشنیں طلباء نے حاصل کیں، میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان آج( بدھ ) کو ہوگا ۔ لاہور بورڈ کے چیئرمین نصرا للہ ورک نے پریس کانفرنس میں پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا ۔ بورڈ میں مجموعی طور پہلی پوزیشن ڈویژنل پبلک سکول وانٹر کالج ماڈل ٹاؤن کے رانا عمر فرمان نے 1087نمبر لے کر حاصل کی جبکہ ڈویژنل پبلک سکول و انٹر کالج ماڈل ٹاؤن کے ہی محمد شایان نے 1086نمبر لے کر دوسری جبکہ تیسرے پوزیشن میں بھی مذکورہ سکول کے ہی دو طلبہ سید مومن علی اور حسنین مشتاق 1085نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر حقدار قرار پائے ۔ سائنس گروپ طلباء میں بھی مذکورہ طالبعلموں نے پوزیشنیں حاصل کیں۔سائنس گروپ لڑکیوں میں دی پنجاب گرلز ہائی سکول جوہر ٹاؤن کی سیمل سلیم نے 1083نمبر لے کر پہلی ، ڈویژنل پبلک گرلز ہائی سکول ماڈل ٹاؤن کی رمیشہ طاہر نے 1082نمبر لے کر دوسری جبکہ جناح گرائمر سکینڈری سکول گرلز شاد باغ کی سجل طارق نے 1079نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔آرٹس گروپ طلباء میں پاکستان ماڈل ہائی سکول فاربوائز رائے ونڈ روڈ قصور کے صابر علی نے 1034نمبر لے کر پہلی ، الائیڈ سکول شادمان کے محمد شہزاد نے 1006نمبر لے کر دوسری جبکہ علامہ اقبال پبلک بوائز ہائی سکول رائیونڈ روڈ قصورکے محمد عثمان اورگورنمنٹ پبلک ماڈل ہائی سکول نین سکھ کے اللہ دتہ نے 994نمبر لے کر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ آرٹس گروپ طالبات میں علامہ اقبال پبلک ہائی سکول فار گرلز رائے ونڈ روڈ قصور کی اقراء نے1067نمبر لے کر پہلی، سوسائٹی پبلک گرلز ہائی سکول مغلپورہ کی عائشہ خالد اور فاروقی گرلز ہائی سکول کریم پارک کی عریج وسیم نے 1055نمبر لے کر مشترکہ طور پر دوسری جبکہ پرائیویٹ طالبہ عظمیٰ وارث نے 1045نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔