مظفر آباد / کھڑی شریف/ ڈڈیال / سماہنی /چڑہوئی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے آزاد کشمیر میں نظام حکومت کی تبدیلی ، کڑے احتساب کی ضرورت ہے، عوام کے پاس تبدیلی کا موقع ہے، وزیراعظم نواز شریف مودی سے کشمیر پر بات نہیں کرینگے ان کے کاروباری مفادات ہیں۔21 جولائی کو تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کا مطلب تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے مودی کے دوستوں کو ووٹ کے ذریعہ ہرانا ضروری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کے لئے جو منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اسے اتنی ہی زیادہ مزاحمت کا سامنا ہے۔ عالمی برادری کو کشمیریوں کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو گی۔ تحریک انصاف برسرا قتدار آ کر سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کو اٹھائے گی۔ پاکستان اور آزادکشمیر میں شفاف اور غیر جانبدار با ختیار الیکشن کمیشن وقت کی ضرورت ہے۔ بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں شفاف الیکشن کے لئے فضا بنادی ہے۔فوج کی موجودگی میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو من مانی اور دھاندلی کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفر آباد، کھڑی شریف،ڈڈیال، سماہنی، چڑہوئے میں مختلف جلسوں اوراجتماعات خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جہانگیر ترین ، امیدواران اسمبلی خواجہ فاروق احمد،شوکت فرید، چوہدری رزاق،اظہر صادق،چوہدری ارشد حسین، عثمان عتیق اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ بیرسٹرسلطان آئندہ وزیر اعظم ہونگے جہاں پر وہ کشمیر کی آزادی کے لئے کوشاں ہونگے وہاں پر احتسابی عمل کا بھی آغاز کریں گے۔آزاد کشمیر چھوٹا علاقہ ہے اور انتہائی خوبصورت ترین علاقہ ہے۔ہم یہاں کی خوبصورتی کے لئے ترقیاتی کام کرائیں گے۔یہاں پر ترقی کی راہیں کھول دیں گے۔کشمیر کے نوجوانوں کو یہاں پر ہی روزگار مہیا کیا جائے گا۔اختیارات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔جہاں پر ہم نے یہ نعرہ دیا ہے کہ کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہونگے وہیں ہم یہ نعرہ بھی دیں گے کہ گاؤں کے فیصلے گاؤں اور شہر کے فیصلے شہر میں ہونگے۔عمران خان نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ تحریک انصاف مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھائیگی۔