اسلام آباد (این این آئی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سندھ خصوصا کراچی میں امن و امان کے قیام ،معمولاتِ زندگی کی بحالی میں رینجرز نے کلیدی کرادرادا کیا ہے،رینجرز کے قیام اور اختیارات کی توسیع کے حوالے سے ہر بار حکومت سند ھ کی جانب سے تاخیر دیکھنے میں آئی ۔وزیراعلیٰ سندھ اس حوالے سے اپنے اختیارات کا استعمال کریں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع کے حوالے سے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور خصوصا کراچی میں امن و امان کے قیام اور معمولاتِ زندگی کی بحالی میں رینجرز نے کلیدی کرادرادا کیا ہے لیکن صوبے میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کی توسیع کے حوالے سے ہر بار حکومت سند ھ کی جانب سے تاخیر دیکھنے میں آئی، انہوں نے کہا کہ سندھ میں رینجرزکی کاروائیوں کو قانونی جواز فراہم کرنے میں غیر ضروری تاخیر نہ صرف آپریشن کو متاثر کریگی بلکہ سول آمڈ فورسز کے جذبے اور انکی کارکردگی پر بھی منفی اثرات مرتب کریگی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ باہمی مشاورت کے نتیجے میں شروع کئے گئے عمل کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانا اور اسکے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا وفاق اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کی توسیع کے مسئلے کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ اپنے اختیارات استعمال کریں۔