پاراچنار (این این آئی)کرم ایجنسی میں پولیٹیکل حکام نے کارروائی کرتے ہوئے افغان باشندوں کو غیر قانونی طورپر سرحد پار کرانے میں تعاون کے الزام میں دس قبائلی گرفتار کرلئے جب کہ ایک افغان باشندے کو جعلی ڈومیسائل بناتے ہوئے پکڑا گیا۔اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ پاراچنار شاہد علی خان نے میڈیا کو بتایا کہ کرم ایجنسی سے تعلق رکھنے والے کچھ ڈرائیورز غیر قانونی راستوں سے بغیر سفری دستاویزات کے افغان باشندوں کو افغان سرحد پار کرانے میں ملوث تھے اطلاع ملنے پر پولیٹکل انتظامیہ نے فوری کاروائی کی اور دس ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا جو بوڑکی ، خرلاچی کے راستے افغان باشندوں کو سرحد پار کرانے میں ملوث تھے۔ شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ جو بھی شخص یا ڈرائیور افغان سرحد پر افغان باشندوں کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی جاری رکھی جایگی۔ دوسری جانب لوئر کرم کے سب ڈویژن صدہ میں تمیم خان جاجی نامی ایک افغان باشندے کو پاکستانی ڈومیسائل بناتے ہوئے پولیٹیکل انتظامیہ نے گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات میں افغان باشندے نے انکشاف کیا ہے کہ دو قبائلی ملکان اور ایک سہولت کار نے ان سے پاکستانی ڈومیسائل بنانے کیلئے بھاری رشوت دی تھی۔