اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ غیر جمہوری قوتیں عمران خان جیسے لوگوں کے بھیس میں ہی آتی ہیں ،عمران خان بھی غیر جمہوری قوتوں کی راہ دیکھیں گے ۔عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن 2018کے انتخابات میں کار کردگی کی بنیاد پر کامیاب ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستانی عوام کی جمہوریت پسندی پر ماتم منا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان دھرنے میں عوام کو شریک ہونے کے لیے منتیں کرتے رہے مگر عوام نے جمہوریت کا ساتھ دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے عمران خان کی چک سواری کے جلسے میں کی گئی تقریر کا جواب دیتے ہوئے ان کو مخاطب کرکے کہاکہ خان صاحب! شارٹ کٹ سے اقتدار نہیں ملتا۔ وزیر اطلاعات نے عمران خان سے استفسار کیا کہ خان صاحب! ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکامی پر آپ کیوں پریشان ہیں۔