اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر میں ویسے ہی حکومت بنا لے اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کرے۔ وفاقی وزراء آزادکشمیر میں اپنی متنازعہ تقاریر سے تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو عوام کا بیٹا ہے جو عوام کے سامنے ہوتا ہے چھپتا نہیں۔ یہ جلسہ الیکشن کا جلسہ ہے۔ آج کے حالات میں کشمیر کے عوام کے لئے یہ الیکشن نہ ہوگا بلکہ یہ کشمیر کا ریفرنڈم ہو گا۔ 85 سال تک کشمیری ڈوگرہ اور پھر بھارت کے خلاف لڑتے لڑتے شہادتیں پائی ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کبھی بھارت سے کشمیر پر کوئی معاہدہ نہیں کیا۔ سابق سینیٹر جہانگیر بدر نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے لئے قربانیاں دی۔ ہماری جماعت نے کبھی ذاتی مقصد کے لئے سیاست نہیں کی۔ سندھ اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر شہلا رضا نے کہا کہ 21 جولائی کو کشمیری تیر پر مہر لگائیں اور ایک مرتبہ پھر جیالوں کی حکومت بنائیں۔