لاہور(مانیٹر نگ ڈیسک ) لاہور چیمبر نے کالا باغ ڈیم کے متعلق چیئرمین واپڈا ظفر محمود کے نکتہ نظر کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھوک، قحط، تباہی، پھیلانے والے سیلابوں سے بچنے اور سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے کالا باغ ڈیم بنانا ضروری ہے۔چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد اور الماس حیدر نے کہا کہ یہ بات بہت خوش آئندہ ہے کہ ایک انتہائی اہم ادارے کے سربراہ ہر فورم پر کالا باغ ڈیم کی حمایت میں دلائل دے رہے ہیں۔ ایسی شخصیات کو سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے جو ملک کیلئے سوچتی ہیں۔ حکومت ان عناصر کیو اویلے پر کان نہ دھرے جو صرف پاکستان کے حق میں مفید منصوبوں پر ہی شور مچاتے ہیں۔ ایک طرف تو ہر سال سیلاب ملک میں تباہی مچاتے اور اربوں ڈالر کا نقصان کرتے ہیں اور دوسری طرف ملک کو کئی دہائیوں سے توانائی کی قلت کا سامنا ہے۔ان مسائل کا بہترین حل کالاباغ ڈیم ہے لیکن ایک مخصوص لابی اس کی مخالفت کررہی ہے۔ یہ عناصر بھاشا ڈیم کے خلاف بات نہیں کرتے کیونکہ وہ اچھی طرح آگاہ ہیں کہ موجودہ حالات میں بھاشا ڈیم کی تعمیر بہت زیادہ مشکل ہے جبکہ کالا باغ ڈیم قلیل مدت میں باآسانی بن اور آپریشنل ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ایک قومی منصوبہ اور تمام صوبوں کیلئے یکسان فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم جو بجلی پیدا کرے گا وہ نیشنل گرڈ میں جائے اور پورے ملک میں سپلائی ہوگی، اسی طرح ذخیرہ شدہ پانی بھی سب کو فائدہ پہنچائے گا۔