لاہور(این این آئی ) وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قیمت پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، کشمیر یوں کے خون سے جدوجہد آزادی میں نئی جان پڑے گی۔ سرکاری ٹی وی کودئیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح اور دوٹوک ہے۔ کشمیر نہ صرف ہمارے منشور کا حصہ ہے بلکہ ہمارے منشور میں سر فہرست ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر دارالحکومت میں اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کی نوعیت مقامی ہے ،کشمیریوں کو آج تک کسی نے دہشتگرد نہیں کہاکیونکہ وہ اپنے حق خوداردیت کیلئے لڑ رہے ہیں،پاکستان ہر قیمت پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا ۔بھارتی افواج ہسپتالوں میں گھس کر کشمیر یوں سے مار پیٹ کر رہی ہیں اور مظالم ڈھا رہی ہیں لیکن کشمیر یوں کے خون سے جدوجہد آزادی میں نئی جان پڑے گی۔