سری نگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند گروپ حزب المجاہدین نے برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد اپنے نئے کمانڈر کا اعلان کردیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے برہان وانی کی جگہ محمود غزنوی نامی شخص کو تنظیم کا نیا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے، برہان وانی کی شہادت کے بعد ریاست میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور اب تک ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے 34 نہتے کشمیری مظاہرین شہید جبکہ 350 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔رپورٹ میں کشمیر کی مقامی نیوز ایجنسی کے این ایس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حزب المجاہدین کے چیف سید صلاح الدین نے تنظیم کے اجلاس کے بعد ایک جاری بیان میں محمود غزنوی کے نام کا اعلان کیا۔ہندوستانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ غزنوی کے حوالے سے مزید تفصیلات تک رسائی حاصل نہیں ہوسکی ہے لیکن یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ ان کا اصلی نام شہباز احمد بھٹ ہے، تاہم پولیس نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے بیان سے گریز کیا ہے۔جنوبی کشمیر کے علاقے سے تعلق رکھنے والے محمود غزنوی یا شہباز احمد بھٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ برہان مظفر وانی کے قریبی دوست تھے۔رپورٹ میں ہندوستانی سیکیورٹی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ محمود غزنوی یا شہباز احمد بھٹ اور شاکر احمد بھٹ نامی کشمیری نوجوان نے 2015 میں برہان وانی کے بھائی خالد وانی کی شہادت کے بعد حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی تھی، اس موقع پر شاکر احمد بھٹ کی عمر 16 برس تھی۔دسمبر 2015 میں پولیس نے متعدد حریت پسندوں کے سر کی قیمت مقرر کی تھی، جس میں شہباز احمد بھٹ بھی شامل تھا۔