اسلام آباد(این این آئی)سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی حمایت میں لگائے گئے بینرز پر حکومتی خاموشی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ عوام کو حقائق بتائے کہ اس کام کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو حقیقت سے آگاہ کرے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتی تو اس کا سادہ سا مطلب ہے کہ وہ اسے نظر انداز کررہے ہیں جو ایک خطرناک بات ہے۔فوج کی جانب سے اس معاملے پر اظہارِ لاتعلقی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ راحیل شریف اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خواہاں ہوں۔انھوں نے کہا موجودہ سیاسی حالات میں آنے والے 2 یا 3 مہینے کافی خطرناک ہیں لہذا ہرایک کو اپنی پوزیشن بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔اس سوال پر کہ کیا یہ پوسٹرز اور بینرز وزیراعظم کی اہلیت پر سوالیہ نشان ہیں؟ جاوید ہاشمی نے کہا کہ اس قسم کے اشتہارات لگنے کی وجہ کسی نہ کسی جگہ سسٹم کی کمزوری ہے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ اس طرح سے اشتہار لگا کر کوئی نہیں آتا، جسے آنا ہوتا ہے وہ خود آجاتا ہے۔