اسلام آباد(این این آئی)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ رمی چیف کے حوالے سے بینرز حکومت نے نہیں لگائے توموو آن تحریک کے رہنماؤں پر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے ٗبینرز پر فون نمبر لکھے ہوئے ہیں ٗ چوہدری نثار نے ابھی تک گرفتاریاں کیوں نہیں کیں ٗ حکومت جمہوریت کو خطرہ قرار دیکر ہمیں دباؤ میں لانا چاہتی ہے ۔سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اعتزازاحسن نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حوالے سے بینرز حکومت نے نہیں لگائے تو موو آن پاکستان کے رہنماؤں پر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے ٗ بینرز پر نمبر لکھے ہیں ، چودھری نثار نے ابھی تک گرفتاریاں کیوں نہیں کیں ؟ لگتا ہے حکومت یہ سب خود کرا رہی ہے، حکومت جمہوریت کو خطرہ قرار دے کر ہمیں دباؤ میں لانا چاہتی ہے ۔اعتزازاحسن نے سوال کیا کہ اگر بینر لگانے والا حکومت کا آدمی نہیں تو گرفتار کیوں نہیں کیا ؟ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس پر بات کریں یا وزیراعظم کی کرپشن ظاہر کریں تو حکومت کہہ اٹھتی ہے ، جمہوریت کو خطرہ ہے ۔ اعتزازاحسن نے کہا کہ حکومت اپوزیشن اور سول سوسائٹی کو دباؤ میں لانا چاہتی ہے تاکہ وزیراعظم کی بادشاہت کو اجاگر نہ کیا جائے ۔ ایک سوال پر اعتزاز احسن نے کہاکہ آئی ایس پی آر نے بھی آرمی چیف کے بینر لگانے کے معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے ٗ موو آن پارٹی کے سربراہ کو گرفتار کر کے پارلیمانی کمیٹی کے روبرو پیش کیا جائے، باقی باتیں ہم خود اگلوا لیں گے۔