لاہور (این این آئی )صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کے بینرز لگوانے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا قطعی طور پر کوئی ہاتھ نہیں، الزمات سراسر بے بنیاد ہیں ، بینرزلگانے والا امبر شہزادے کی طرح ایک بے حیثیت آدمی ہے ، اس طرح کے کام کر کے مرکز نگاہ بننا چاہتا ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو حکومت کی دعوت دینے والے بینرز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے لگائے جانے کا الزام اپوزیشن نہیں بلکہ اعتزاز احسن لگا رہے ہیں ،وہ ایک ہی سانس میں وزیراعظم نواز شریف کی کرپشن کا حساب مانگتے ہیں اور دوسری سانس میں زرداری کی کرپشن کا دفاع کر تے ہیں ، ان کا چہرہ غور سے دیکھیں تو ان کا ضمیر ان کے چہرے پر جو تے برسا رہا ہوتا ہے ، جوتوں کی اس قدر زیادہ تعداد سے کہی ان کی موت واقع نہ ہوجائے ۔ اللہ ان پر رحم کر ے ۔ انہوں نے کہا کہ میں بینرز لگانے والے شخص کو ذاتی طورپر جانتا ہوں ، اس نے سال 2013ء میں میری دو مرتبہ دعوتیں کیں اور مسلم لیگ (ن)کا ٹکٹ لینے کی خوہش ظاہر کی لیکن ہم نے اس کو ٹکٹ نہیں دیا ، یہ ایک امبر شہزادہ کی طرح ایک بے حیثیت آدمی ہے، نو دولتیا ہے اور دولت کے بل بوتے پرہی اس طرح کا کردار اداکر کے مرکز نگاہ بننا چاہتا ہے ، اس کامقصد ہی یہی ہے کہ اس کو گرفتارکیا جائے تاکہ وہ مرکزیت اور اہمیت حاصل کر سکے ، اس شخص کا قطعی طورپر دور دور تک مسلم لیگ (ن)سے کوئی تعلق نہیں ہے ، اس کو گرفتار کر کے ملک کی یا جنرل راحیل شریف کی کوئی خدمت نہیں ہوگی ، ایسے لو گوں کو نظر انداز کرنا چاہیے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بینرزلگوانے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا قطعی طورپر کوئی ہاتھ نہیں ہے۔