اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے وزیر اعظم کی جانب سے رفقاء سے مشاورت کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ کھانے کی میز پر ان معاملات پربات چیت نہیں کی جاسکتی ہے ٗ ابھی آرمی چیف کی مدت ملازمت کو ختم ہونے میں بہت وقت باقی ہے ٗ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہتی ٗدہشتگردی کے خلاف جنگ میں جدوجہد پر پوری قوم آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہے ٗہمیں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی مکمل حمایت کر نی چاہیے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے وزیر اعظم کی جانب سے رفقاء سے مشاورت کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے ساتھیوں کے درمیان ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ٗیہ سارے ملکی معاملات ہیں، کھانے کی میز پر ان معاملات پر بات چیت نہیں کی جاسکتی۔وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بتایا کہ جنرل راحیل شریف پاک فوج کے سربراہ ہیں ٗ فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، پوری قوم آرمی چیف کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ان کی مکمل حمایت کرنی چاہیے۔پرویز رشید نے کہاکہ ابھی آرمی چیف کی مدت ملازمت کو ختم ہونے میں بہت وقت باقی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہتی۔جنرل راحیل شریف کی حمایت میں لگائے گئے بینرز کے بارے میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان بینرز اور پوسٹرز کا آرمی چیف سے کوئی تعلق نہیں۔