اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو کشمیری عوام کے جذبات تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندورنی سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے یہ بھی کہا کہ دنیا کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو تسلیم کرنے اور کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل میں مدد دینے کی بھی ضرورت ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں افغانستان سمیت بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال اور موثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔