بغداد(آن لائن) امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے داعش کے خلاف لڑائی میں حصہ لینے کے لیے عراق میں مزید 560 اضافی فوجی اہلکار بھیجنے کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مزید فوجی بھیجے جانے کے بعد عراق میں امریکی فوجی اہلکاروں کی تعداد 4 ہزار 600 سے زائد ہوجائے گی، جن میں زیادہ تر عراقی فورسز کی ٹریننگ کے باعث وہاں موجود ہیں۔امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ موصل میں داعش کو شکست دینے کے لیے مزید 560 امریکی فوجی اہلکار عراق میں تعینات کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ایشٹن کارٹر کے اس اعلان کے بعد پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اضافی اہلکار، قیارہ کے قریب ایئرفیلڈ میں عراقی فورسز کو لاجسٹک اور انفرااسٹرکچر سمیت کئی طرح کی مدد فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ ہفتہ کے روز عراق کے وزیر اعظم حیدر العَبادی نے، عراقی فورسز کی جانب سے موصل سے تقریباً 60 کلومیٹر جنوب میں واقع قیارہ ایئربیس کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔