کراچی (این این آئی)غیرسرکاری شخص کی قتل کے وقت بنائی جانیوالی موبائل ویڈیو،امجد صابری کے قاتلوں کو لے ڈوبی،امجد صابری قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے آئندہ 48گھنٹے انتہائی اہم ہیں ۔ذرائع کے مطابق جس وقت دونوں قاتلوں نے امجد صابری پر حملہ کیا اس وقت ایک غیرسرکاری شخص نے موبائل فون سے وڈیو بھی بنائی جس میں ایک قاتل کا چہرہ واضح نظرآرہا ہے ۔جس کی شناخت نادرا کے ریکارڈ سے ہوگئی ہے ۔تفصیلات میں معلوم ہوا ہے کہ دونوں قاتلوں کا تعلق کراچی کے ضلع وسطی سے ہے اور وہ ماہر شوٹر تصور کیے جاتے ہیں ۔ان کی ابتدائی تفصیلات ملنے کے بعد آئی ٹی ماہرین کو اسلام آباد سے طلب کرلیا گیاجنہوں نے ا دونوں قاتلوں کے زیر استعمال فون کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں اور اس کے ذریعہ دونوں قاتلوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ سکیورٹی ادارے نے ان دونوں قاتلوں کی بحفاظت گرفتاری کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں کیونکہ خدشہ ہے کہ ان دونوں قاتلوں کو ان کے ساتھی مارکر ایک نیا ہنگامہ کھڑا کرسکتے ہیں ۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق دونوں قاتلوں کی سوشل میڈیا کے ذریعہ کی جانے والی کالز کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں ۔ان کالز میں قاتلوں کو ان کے سرپرستوں نے جنوبی افریقہ ،ہانگ کانگ ،ملائیشیاء اور سری لنکا فرار کرانے کی بھی بات کی ہے ،اس ملزمان کو فرارسے روکنے کے لیے ایئرپورٹ کی سکیورٹی بڑھادی گئی ہے