میرپور(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے رہنما جہانگیر مرزا نے کہا ہے کہ خالق آباد سے پیپلزپارٹی کی تین اہم وکٹیں گرا دیں ہیں ۔ جلد تین اور بڑی وکٹیں گراینگے ۔ قاسم مجید کو بتا دینا چاہتے ہیں ابھی تو یہ صرف آغاز ہے ‘ جلد مزید پیپلزپارٹی کی اہم شخصیات مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والی ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی اہمیت کا اندازہ ابھی آپ کو ہو جانا چاہیے ۔ رہی سہی کسر 21جولائی کو عوام مسلم لیگ ن کو کامیاب کر کے بھی بتا دیگی ۔ پھر ٹھیک طرح سے ہماری اہمیت کا اندازہ بھی قاسم مجید کو ہو جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے کارکنا ن کو ہم تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ اور عوام سے التماس کرتے ہیں کہ ایک فیصلہ تو آپ نے غیرت مندانہ کر دیا ۔ دوسرا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا کریں ۔ پاکستان مسلم لیگ ن ایک مایہ ناز جماعت ہے ۔ یہ آپ کو کبھی ناامید نہیں کریگی ۔ جو لوگ پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر نیا کشمیر بنانے چلے ہیں ان کا حساب ایسا ہے جیسے ایک کنویں سے نکل کر دوسرے کنویں میں چلے جانا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فصلی بٹیرے ہیں جو صرف الیکشن کے دنوں میں ہی نظر آتے ہیں ۔مسلم لیگ ن نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر کھڑا کر دیا ہے ۔ انشاءاللہ آزادکشمیر کو بھی پیچھے نہیں چھوڑے گی ۔ اپنا قیمتی ووٹ فصلی بیٹروں پر ضائع نہ کریں ۔ اور مسلم لیگ ن کو کامیاب بنا کر اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل روشن کریں ۔