اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گزشتہ روزمشہور فوال امجد صابری کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جس سے صرف اس دور کے بہترین قوال ہی خاموش نہیں ہوئے، بلکہ ان کے ساتھ پوری دنیا خاموش ہوگئی۔صرف پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں صابری کی اچانک ہلاکت کی خبر نے سب کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔امجد صابری کو بولی وڈ میں بھی بے حد پسند کیا جاتا تھا۔ 45 سالہ قوال کے اعزاز میں اور ان کے بہترین کام کے لیے ہندوستان سے بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔انڈیا ڈاٹ کام ویب سائٹ نے صابری برادران کی سات بہترین قوالیاں شئیر کیں۔ ان کا کہنا تھا ’ ان کی گائیکی میں تصوف کا رنگ غالب تھا جسے سخت گیرعناصر پسند نہیں کرتے’۔انڈین ایکسپریس نے لیجنڈ قوال کے نام ایک تعزیت نامہ تحریر کیا اور موسیقی کی دنیا کے لیے ان کی کاوشوں کا ذکر کیا ‘ ان کی موت نے موسیقی کی صنعت کو ہلا کر رکھ دیا ہے’۔اخبار نے ان کی بہترین قوالیوں کا انتخاب اور ایک مختصر انٹرویو کو بھی شائع کیا۔ہندوستان ٹائمز نے پاکستانی پریس کی طرح امجد صابری کا آخری کلام شیئر کیا جو بدھ کی صبح سماء ٹی وی پر نشر ہوا تھا، جبکہ انڈین اخبار نے ان کی چند مقبول قوالیوں کو بھی شیئر کیا۔دیگر میڈیا ادارے جیسے دی کوئنٹ، ڈی این اے انڈیا، این ڈی ٹی وی اور فرسٹ پوسٹ نے بھی امجد صابری کی موت پر پاکستان اور انڈیا میں موجود غم و غصہ اور معروف شخصیات کے ردعمل کو پیش کیا ہے۔دوسری جانب دی ہندو نے امجد صابر کو ‘قوالی کا راک اسٹار’ قرار دیا ہے، ٹائمز آف انڈیا نے ان کی موت پر یہ سرخی لگائی ‘ امجد صابری: جلد خاموش کرا دی گئی خداداد آواز’۔