نئی دہلی (آئی این پی) معروف قوال امجد فرید صابری کے کراچی قتل کی خبریں بھارتی میڈیا میں بریکنگ نیوز کے طور پر شائع کی گئیں ،بھارتی میڈیا نے امجد صابری کو فن قوالی کا راک سٹار قرار دیدیا،بھارتی فنکاروں نے بھی معروف قوال امجد فرید صابری کے قتل کی شدید مذمت اور اظہار افسوس کیا ہے ۔بدھ کو کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے قتل کی خبر جنگل میں آگ کی طرح ملک بھر سمیت دنیا بھر میں پھیل گئی ۔بھارتی میڈیا نے امجد صابری کے قتل کی خبر کو ہیڈ لائن اور بریکنگ نیوز کے طور پر شائع کیا ،بھارتی میڈیا نے امجد صابری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ صابری برادران کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 1970کی دہائی میں فن قوالی کو برصغیر سے نکال کر مغرب میں متعارف کرایا ،جبکہ امجد صابری کو جدید دور میں فن قوالی کا راک سٹار قرار دیا جاتا ہے ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ صابری برادران صوفی گائیکی اور فن قوالی میں پورے برصغیر میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا ۔بھارتی نجی چینل زی نیوز کا کہنا ہے کہ امجد صابری گذشتہ کچھ ہفتوں سے بھارتی میڈیا میں زیر بحث رہے ہیں کیونکہ بھارتی سپر سٹار سلمان خان نے اپنی حالیہ فلم بجرنگی بھائی جان میں امجد صابری کے والد غلام فرید صابری کی مشہور قوالی بھر دو جھولی میری یا محمدؐ بغیر اجازت شامل کی تھی جس پر امجد صابری نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھی بجھوایا تھا ۔دوسری جانب بھارتی فنکاروں نے بھی معروف قوال امجد فرید صابری کے قتل کی شدید مذمت اور اظہار افسوس کیا ہے ۔سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بڑی تعداد بھارتی فلم انڈسٹری کے فنکاروں نے اپنے تعزیتی بیانات جاری کیے۔