کراچی (این این آئی) قاتلانہ حملے میں ہلاک ہونے والے امجد صابری کے اہل خانہ نے ان کا پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کرنے سے انکار کردیا اور ان کی میت گھر منتقل کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق امجد صابری پر حملے کے بعد ان کی میت عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاش کو آغا خان اسپتال منتقل کرنے کی کوشش لیکن ان کے اہل خانہ نے مزاحمت کی اور میت کو رہائش گاہ منتقل کردیا۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ جان کی بازی ہارنے کے بعد قانونی کارروائی کا کیا فائدہ ہوگا۔ دکھ کی اس گھڑی میں مزید بات نہیں کرنا چاہتے۔ رپورٹ کے مطابق لاش پہنچنے کے بعد امجد صابری کے رشتہ دار، محلہ داروں اور مداحوں کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئی جس کے بعد اطراف کی دکانیں اور سڑکیں بند کرکے سیکورٹی سخت کردی گئی۔