اسلام آباد (این این آئی)قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصرخان جنجوعہ نے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آرافغان مہاجرین کے مسئلے کو نظر انداز نہ کرے ٗمعاملے کو حل کرنے کی غرض سے عالمی برادری کی جانب سے سیاسی اور مالی تعاون کو متحرک کیا جائے وہ بدھ کو یہاں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنربرائے مہاجرین فلیپو گرانڈی سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے ناصرجنجوعہ سے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران قومی سلامتی کے مشیرنے پاکستان سے تمام افغان مہاجرین کی جلد از جلدواپسی کی پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے یو این ایچ سی آر پرزور دیا وہ اس مسلے کو نظرانداز نہ کرے اور اس معاملے کو حل کرنے کی غرض سے عالمی برادری کی جانب سے سیاسی اور مالی تعاون کو متحرک کرے۔ناصرجنجوعہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کی آمدورفت روکنے کیلئے موثر بارڈر مینجمنٹ کیلئے مناسب اقدامات کر رہاہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بامعنی تعاون کیلئے الزام تراشیوں سے بچنے کی ضرورت ہے ملاقات کے دور ان افغان مہاجرین کی سست رفتار واپسی ،عالمی برادری کی عدم دلچسپی اور افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے ٹائم مقرر کرنے کے امور زیربحث لائے گئے۔یو این ایچ سی آر نے تقریبا چاردہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے تاریخی کردار کی تعریف کی۔